کٹھ پتلیوں سے مذاکرات کر کے وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے،حماد اظہر کا رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردِعمل
کٹھ پتلیوں سے مذاکرات کر کے وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے،حماد اظہر کا رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردِعمل
مسلط شدہ ٹولے کا کوئی ووٹ بینک نہیں،یہ بیساکھیوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں،رہنما تحریک انصاف
حماد اظہر کا کہنا ہے کہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کیلئے صرف حقیقی فیصلہ سازوں سے ہی مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردِعمل دے دیا،انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم کٹھ پتلیوں سے مذاکرات کر کے وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔
یہ مسلط شدہ لوگ ہیں جن کا کوئی ووٹ بینک نہیں اور بیساکھیوں کے پیچھے چھپ رہیں ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کی خاطر صرف حقیقی فیصلہ سازوں سے مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا تھا کہ اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیراعظم شہباز شریف سے ہی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کیس فقط تحریک انصاف سے علیحدگی کی پریس کانفرنس والا نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے ٹھیکوں میں 10 فیصد کمیشن اور گرین لینڈ کو براؤن لینڈ کروا کر اربوں روپے کمائے،جہاز کے ذریعے مونس الٰہی نے ڈالرز بیرون ملک منتقل کیے۔
جبکہ نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کو گھر سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا،پرویزالٰہی کی گاڑی بلٹ پروف تھی،مزاحمت پر ڈرائیور سائیڈ کا شیشہ توڑا گیا تو اندر سے پرویزالٰہی برآمد ہوئے،وہ اینٹی کرپشن کیس میں پولیس کو مطلوب اور مفرور تھے۔ انہوں نے کہا کہ گھر سے دو گاڑیاں نکلیں ایک گاڑی میں پرویزالٰہی اور دوسری گاڑی میں خواتین تھیں،پولیس نے گاڑی کو ناکے پر روکا کہ چیک کرنی ہے،ان کی گاڑی بلٹ پروف تھی وہ گاڑی کا دروازہ نہیں کھول رہے تھے۔
Comments
Post a Comment